ایران اور اس کے اتحادیوں کے ساتھ اسرائیل کی جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی، نیتن یاہو

اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ ایران اور اس کے اتحادیوں کے ساتھ اسرائیل کی جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی اور مستقبل کی صورتِ حال اسرائیل کی طاقت اور دفاعی صلاحیتوں پر منحصر ہو گی۔

ایرانی میڈیا کے مطابق نیتن یاہو نے گزشتہ جمعرات کو گش ایٹزیون (Gush Etzion) میں ریزرو افسران کے کیڈٹس سے ملاقات کے دوران خطاب کرتے ہوئے یہ بیان دیا، جس کی تفصیلات اسرائیلی میڈیا نے منگل کو (آج) شائع کی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیرِ اعظم نے کہا کہ ہم اس وقت ایران اور اس کے اتحادی گروہوں کا سامنا کر رہے ہیں، ہم نے ان پر ضرب لگائی ہے، یہ معاملہ ابھی ختم نہیں ہوا، لیکن اس کا انحصار ہماری طاقت پر ہے۔

نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ آئندہ 30 برس میں اسرائیل کا علاقائی اور بین الاقوامی مقام اس کی عسکری اور دفاعی قوت سے وابستہ ہو گا، ملک اس وقت اپنی صلاحیتوں میں مزید اضافہ کرنے پر توجہ دے رہا ہے۔

اسرائیلی وزیرِ اعظم نے امریکی حمایت کو سراہتے ہوئے اسلحے کے شعبے میں خود انحصاری کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو اپنے دفاعی نظام اور اسلحہ سازی کی صنعت کو مزید مضبوط بنانا ہو گا تاکہ بیرونی انحصار میں کمی لائی جا سکے۔

نیتن یاہو نے کہا کہ میں اسلحے کے میدان میں خود مختاری چاہتا ہوں، ہمیں اپنا آزاد دفاعی اور اسلحہ جاتی نظام درکار ہے، ہم اپنے ہتھیار خود تیار کر رہے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button