رکن قومی اسمبلی نیلم کماری کی عمرکوٹ اور تھرپارکر میں پینے کے پانی کی قلت اور زرعی نقصان پر فوری اقدامات کی اپیل

میرپور خاص (شاھدمیمن) قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس 2026 میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی اقلیتی رکن قومی اسمبلی نیلم کماری نے عمرکوٹ اور تھرپارکر کے عوام کو درپیش بنیادی مسائل پر آواز بلند کرتے ہوئے حکومت کی توجہ صحرائی علاقوں کے اہم مسائل کی جانب مبذول کرائی۔انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمرکوٹ اور تھرپارکر کے عوام پینے کے صاف پانی کے لیے مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، جبکہ پانی کی شدید قلت کے باعث زرعی زمینیں متاثر ہو رہی ہیں اور کسانوں کی فصلیں تباہی کا شکار بن رہی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پانی کے مسئلے کے مستقل حل کے لیے خصوصی منصوبے شروع کیے جائیں اور بجٹ میں مناسب فنڈز مختص کیے جائیں۔ نیلم کماری نے کہا کہ صحرائی علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی، زراعت کے تحفظ اور عوامی مشکلات کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کم عمر بچیوں کے اغوا جیسے حساس معاملات پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں، جبکہ متاثرہ خاندانوں کو فوری انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ رکن قومی اسمبلی نے اقلیتی نوجوانوں کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم اور روزگار کے مواقع بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہندو نوجوانوں سمیت اقلیتی طلبہ و طالبات کے لیے وظائف (اسکالرشپس) میں اضافہ کیا جائے تاکہ وہ بہتر تعلیم حاصل کر کے آگے بڑھ سکیں۔ انہوں نے عمرکوٹ اور تھرپارکر میں تعلیم، صحت، پانی اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے بجٹ میں خصوصی توجہ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پسماندہ علاقوں کی ترقی کے بغیر ملکی ترقی کا خواب مکمل نہیں ہو سکتا۔

مزید خبریں

Back to top button