چھاچھرو میں پاک فوج کے حق میں بھرپور ریلی، قومی یکجہتی کا شاندار مظاہرہ

تھرپارکر (میندھرو کاجھروی / جانو ڈاٹ پی کے) ٹاؤن کمیٹی چھاچھرو اور سول سوسائٹی چھاچھرو کے مشترکہ اہتمام کے تحت پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک شاندار اور بڑی ریلی نکالی گئی، جو پاک-بھارت جنگ “معرکۂ حق بنیان مرصوص” کی ایک سالہ تکمیل کے موقع پر منعقد کی گئی۔
ریلی میں شہریوں، سماجی رہنماؤں، نوجوانوں اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے پاکستان کی سالمیت، خودمختاری اور پاک فوج کے ساتھ اپنی غیر متزلزل وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے زوردار نعرے بازی کی۔ “پاکستان زندہ باد” اور “پاک فوج زندہ باد” کے نعرے فضا میں گونجتے رہے، جبکہ بھارتی حکومت کے خلاف بھی سخت نعرے لگائے گئے۔
ریلی کی قیادت ٹاؤن چیئرمین چھاچھرو مرتضیٰ بجیر نے کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاک فوج ملک کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہے اور پوری قوم اپنی بہادر فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دشمن کی کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
شرکاء کا کہنا تھا کہ جنگ کے دوران پاکستانی فوج نے مبینہ طور پر 11 بھارتی جنگی طیارے مار گرائے، جو پاک فوج کی بہادری، حکمت عملی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے۔
ریلی پُرامن انداز میں شہر کی مختلف شاہراہوں سے گزری، جہاں شرکاء نے قومی یکجہتی، حب الوطنی اور پاک فوج سے محبت کا بھرپور اظہار کیا۔



