سندھ کی تقسیم پر بڑا اعلان! ناصر حسین شاہ کا دوٹوک مؤقف،دھرنا مذاکرات کے بعد ختم

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے)سندھ کی تقسیم کے معاملے پر سیاسی درجہ حرارت ایک بار پھر بڑھ گیا، صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے دوٹوک اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ دھرتی ہماری ماں ہے اور اس کی تقسیم کسی صورت قبول نہیں، حکومت رہے یا نہ رہے پیپلزپارٹی اپنے مؤقف پر قائم رہے گی۔

پی آئی ڈی سی پر سیو سندھ لائرز کمیٹی کے احتجاج اور دھرنے کے شرکا سے ناصر حسین شاہ اور میئر کراچی نے ملاقات کی، جس کے بعد حکومتی وفد اور وکلا کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے۔

حکومت اور وکلا میں بڑا معاہدہ، دھرنا ختم

مذاکرات کے دوران فریقین نے وکلا کے مطالبات پر پیش رفت کیلئے خصوصی کمیٹی تشکیل دینے پر اتفاق کیا۔ سندھ حکومت نے کمیٹی کیلئے وکلا سے نام بھی طلب کرلیے ہیں۔

حکومتی یقین دہانی کے بعد وکلا نمائندوں نے پی آئی ڈی سی پر جاری احتجاج اور دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ کی تقسیم ناقابل قبول ہے، یہ دھرتی ہماری ماں ہے اور حکومت رہے یا نہ رہے، سندھ کی وحدت کے حوالے سے مؤقف تبدیل نہیں ہوگا۔

’لوگوں کو تقسیم نہیں، جوڑنے کی بات کی جائے‘

صدر سندھ ہائی کورٹ بار حسیب جمالی نے کہا کہ سندھ ہمارا وطن ہے، اس لیے لوگوں کو تقسیم کرنے کے بجائے انہیں جوڑنے کی بات ہونی چاہیے۔

ان کے مطابق حکومت نے وکلا کے مطالبات سنے ہیں اور یقین دہانی کرائی ہے کہ ایک ہفتے کے اندر کمیٹی قائم کردی جائے گی۔

ایڈووکیٹ عاقب راجپر نے بھی کہا کہ حکومت نے کمیٹی کیلئے نام طلب کیے ہیں، اس لیے فی الحال مستقبل کے احتجاج کا اعلان نہیں کیا جارہا۔

مزید خبریں

Back to top button