سندھ کی تقسیم نہیں ہونے دیں گے،جن کو ’سسٹم کولیپس‘ نظر آرہا ہے وہ تھر آ کر ترقی دیکھیں،مراد علی شاہ وزیر اعلیٰ سندھ

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ جنہیں "سسٹم کولیپس” نظر آ رہا ہے وہ پاکستان کے کامیاب ترین منصوبے تھر کول پراجیکٹ کا معائنہ کریں، جبکہ سندھ کی تقسیم کسی صورت نہیں ہونے دیں گے۔

سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی کے تحت منعقدہ مائننگ ٹیکنیکل کانفرنس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ نئے صوبے بنانے کا طریقہ کار آئین میں واضح ہے، جس کے لیے متعلقہ اسمبلی کی دو تہائی اکثریت درکار ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی متعدد بار نئے صوبوں کے قیام کی مخالفت کر چکی ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ نئے صوبوں پر بحث کرنے میں کوئی قباحت نہیں، تاہم سندھ کے عوام کو اپنی منتخب قیادت پر اعتماد ہے اور صوبائی اسمبلی اس معاملے پر متفقہ مؤقف اختیار کر چکی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ احتجاج ہر شہری کا آئینی حق ہے، لیکن اس کے لیے قانون اور ضابطے کی پابندی ضروری ہے۔ انتظامیہ سے اجازت لے کر پرامن احتجاج کیا جائے، عوام کو مشکلات میں ڈالنا مناسب طرزِ عمل نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سندھ کابینہ نے 5 لاکھ ٹن گندم کی خریداری کی منظوری دی ہے، جبکہ ضرورت پڑنے پر 10 لاکھ ٹن تک خریداری کی گنجائش رکھی گئی ہے تاکہ مقامی کسانوں کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ تھر کول منصوبے کی کامیابی حکومت، مقامی آبادی اور سرمایہ کاروں کے باہمی تعاون کا نتیجہ ہے۔ ان کے مطابق چینی کمپنیوں اور مقامی افراد کی شراکت داری نے تھر میں ایک کامیاب ترقیاتی ماڈل قائم کیا، جسے پاکستان کے دیگر معدنی منصوبوں میں بھی اپنانے کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی کے سی ای او عامر اقبال نے کہا کہ کانفرنس میں جرمنی، برطانیہ، جاپان اور مشرقِ وسطیٰ سمیت مختلف ممالک کے ماہرین شریک ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں سونے اور تانبے کے اربوں ڈالر مالیت کے غیر دریافت شدہ ذخائر موجود ہیں، جنہیں جدید مائننگ ٹیکنالوجی کے ذریعے مؤثر انداز میں نکالا جا سکتا ہے۔

عامر اقبال نے مزید کہا کہ امریکی اور مقامی سرمایہ کار پاکستان کے معدنی شعبے میں دلچسپی رکھتے ہیں، تاہم انفراسٹرکچر کی کمی اب بھی ایک بڑا چیلنج ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ سال قومی کانفرنس کی جگہ انٹرنیشنل مائننگ سمٹ منعقد کی جائے گی، جبکہ کول ٹو فرٹیلائزر گیسیفیکیشن منصوبہ بھی جلد شروع کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button