سرمایہ کاروں کی شراکت ڈھائی سال میں دوگنا سے زائد بڑھ گئی، محمد اورنگزیب

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملکی معاشی ترقی میں سرمایہ کاروں کی شراکت گزشتہ ڈھائی سال کے دوران دوگنا سے زائد ہوچکی ہے، جبکہ حکومت کا ہدف میکرو اکنامک استحکام کو پائیدار بنانا اور معیشت کے بوم اینڈ بسٹ سائیکل کا خاتمہ ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ معاشی ترقی کے لیے مالیاتی استحکام بنیادی ضرورت تھی، اب پائیدار معاشی ترقی کی جانب بڑھنا ہوگا۔
وفاقی وزیر خزانہ نے بتایا کہ وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت 60 ارب روپے جاری کیے جاچکے ہیں جبکہ بینکاری صنعت نے 340 ارب روپے کی منظوری دی ہے۔ ان کے مطابق اب اصل مسئلہ قرضوں کی منظوری نہیں بلکہ سپلائی سائیڈ کو فعال کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں پہلی مرتبہ 29 مارچ 2024 کو آئے تھے، اس وقت 100 انڈیکس 67 ہزار پوائنٹس پر تھا جو اب تقریباً ایک لاکھ 70 ہزار پوائنٹس تک پہنچ چکا ہے۔ ان کے مطابق انڈیکس میں اضافے کے پس پردہ عوامل کا جائزہ لینا اہم ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ گزشتہ 20 برس کے دوران سب سے زیادہ آئی پی اوز گزشتہ سال ہوئے، جن کی تعداد 11 رہی۔ ان کے مطابق گزشتہ 12 ماہ میں اسٹاک مارکیٹ میں جین زی اور ملینیئلز کی شراکت 85 فیصد ریکارڈ ہوئی۔
وزیر خزانہ نے بتایا کہ پہلی مرتبہ ڈسکوز کی نجکاری میں ترکیہ کے سرمایہ کاروں نے بھی دلچسپی ظاہر کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے نتائج کے لیے وقت درکار ہوتا ہے، جبکہ حکومت کی ذمہ داری نجی شعبے کو کاروبار کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو معیشت میں پائیدار ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور صرف لیکویڈیٹی بڑھا کر معاشی نمو حاصل کرنے کے بجائے ایسے اقدامات ضروری ہیں جو طویل مدت میں معیشت کو مضبوط بنائیں۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ ٹیکس وصولیوں کے ہدف میں کمی خبر بن جاتی ہے، تاہم ٹیکس ہدف حاصل ہونے کو بھی اجاگر کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ’’نئی معیشت 2.0‘‘ کی طرف بڑھنا ہوگا، جو صرف کرپٹو تک محدود نہیں بلکہ عالمی سروسز کے شعبے میں بھی مواقع موجود ہیں۔
وفاقی وزیر خزانہ کے مطابق حکومت بانڈ مارکیٹ کو ریٹیل مارکیٹ تک وسعت دینے پر کام کر رہی ہے، جبکہ کیپٹل مارکیٹس ڈویلپمنٹ کونسل وزیراعظم کو پیش کرنے کے لیے اپنی سفارشات مرتب کر رہی ہے۔



