اداکارہ مومنہ اقبال کے الزامات پر تحقیقات تیز، مریم نواز کا سخت مؤقف

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مومنہ اقبال ان دنوں ہراسانی اور دھمکیوں کے سنگین معاملے کے باعث خبروں میں ہیں۔
رپورٹس کے مطابق اداکارہ نے مسلم لیگ (ن) کے رکنِ پنجاب اسمبلی محمد ثاقب چدھڑ پر ہراسانی، دھمکیاں دینے اور اپنے سسرال والوں کو پریشان کرنے کے الزامات عائد کیے، جس کے بعد معاملہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگیا۔
اداکارہ کی جانب سے باضابطہ شکایت درج کروانے کے بعد نیشنل سائبر کرائم انوسٹیر گیشن ایجنسی اور دیگر متعلقہ ادارے متحرک ہوگئے اور تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔
تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ مومنہ اقبال اور محمد ثاقب چدھڑ ماضی میں طویل عرصے تک تعلق میں رہے، تاہم تقریباً آٹھ ماہ قبل دونوں کے درمیان علیحدگی ہوگئی تھی۔ بعد ازاں اداکارہ کی منگنی ہوئی اور ان کی شادی یکم جون کو متوقع بتائی جا رہی ہے۔
معاملے میں مبینہ شواہد سامنے آنے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی خاتون کو ہراساں کرنے، دھمکانے یا ذاتی مواد کے ذریعے بلیک میل کرنے کی کوشش ناقابل برداشت ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ قانون سب کے لیے برابر ہے، چاہے اس کا تعلق کسی بھی سیاسی جماعت یا عہدے سے ہو۔



