عوامی ایکشن کمیٹی نے مظفرآبادکی طرف کل کا مارچ مؤخرکردیاہے،مولانا فضل الرحمٰن

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا ہے کہ میں عوامی ایکشن کمیٹی کے اس اقدام کا خیر مقدم کرتا ہوں کہ انہوں نے مظفرآباد کی طرف کل کا مارچ مؤخر کیا ہے۔قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ میں نے عوامی ایکشن کمیٹی کے خط کا ویڈیو جواب دیا ہے اور حکومت کو بھی آگاہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست کی طرف سے تقریروں کی بنیاد پر ایکشن لیا جانا کیسے درست ردعمل ہے؟ کل تک ہم مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی باتیں کرتے تھے اور آج ہم کیا کر رہے ہیں۔مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ خواجہ آصف نے جو باتیں کی ہیں وہ ردعمل بطور وزیر دفاع نہیں کرنی چاہیئے تھیں، آپ نے لڑائی خواجہ آصف اور صلح اسحاق ڈار کے حوالے کر رکھی ہے۔ عالمی سطح پر عالمی امن سے حکومت نیک نامی کما رہی ہے تو پاکستان میں نیک نامی گنوا رہی ہے۔



