آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز: محمد رضوان کو ڈراپ کیے جانے کا امکان

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار وکٹ کیپر بیٹر کو آسٹریلیا کے خلاف آئندہ ون ڈے سیریز سے ڈراپ کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق سلیکشن کمیٹی، ہیڈ کوچ اور کپتان کے درمیان مشاورت کے بعد ٹیم کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، تاہم محمد رضوان کی شمولیت کے امکانات کم بتائے جا رہے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق مائیک ہیسن ٹی 20 کے بعد ون ڈے فارمیٹ میں بھی رضوان کو ٹیم کا حصہ بنانے کے حق میں نہیں ہیں۔

33 سالہ محمد رضوان نے اب تک 103 ون ڈے میچز میں پاکستان کیلئے 2979 رنز بنائے ہیں، جن میں 4 سنچریاں اور 19 نصف سنچریاں شامل ہیں، جبکہ بطور وکٹ کیپر انہوں نے 113 کیچز اور 7 اسٹمپنگز بھی کی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز کیلئے غازی غوری، عثمان خان اور مرزا سعد بیگ میں سے وکٹ کیپر کے انتخاب پر غور کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ آسٹریلوی ٹیم 23 مئی کو اسلام آباد پہنچے گی، جبکہ پاکستان ٹیم 22 مئی سے راولپنڈی میں تربیتی کیمپ شروع کرے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے میچز 30 مئی، 2 جون اور 4 جون کو کھیلے جائیں گے۔

مزید خبریں

Back to top button