مٹھی کے تاجر کے لاپتا ہونے پر اغوا کا شبہ، شٹر بند ہڑتال اور احتجاجی مظاہرے

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی/ جانو ڈاٹ پی کے) مٹھی کے رہائشی تاجر سیٹھ ہریش نئون کوٹ کے قریب اپنی زرعی زمین پر پانی کی باری دیکھنے کے بعد واپس گھر آ رہے تھے کہ راستے میں پراسرار طور پر لاپتا ہو گئے۔ بعد ازاں ان کی موٹر سائیکل نئون کوٹ بائی پاس سے ملی، جس کے بعد اہل خانہ نے اغوا کا شبہ ظاہر کیا۔
سیٹھ ہریش کی موٹر سائیکل ملنے کے بعد ورثا اور مقامی افراد نے ان کی تلاش کے لیے وسیع پیمانے پر کوششیں کیں، تاہم وہ تاحال نہیں مل سکے۔ واقعے کی اطلاع نئون کوٹ اور مٹھی کے تاجروں کو دی گئی، جس پر نئون کوٹ شہر میں مکمل شٹر بند ہڑتال کی گئی۔ تاجروں نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے دھرنا دیا اور سڑک بند کر دی۔
دوسری جانب مٹھی کے تاجروں نے بھی احتجاجی ریلی نکالی، شہر کا گشت کیا اور کشمیر چوک پر دھرنا دے کر شدید تشویش کا اظہار کیا۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ سیٹھ ہریش کو فوری طور پر تلاش کرکے بازیاب کرایا جائے اور اقلیتی برادری کو مؤثر تحفظ فراہم کیا جائے۔
آخری اطلاعات تک واقعے کا مقدمہ درج نہیں ہو سکا تھا، جبکہ اہل خانہ اور تاجر برادری میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے۔



