ایران رویہ بدلے تو مذاکرات کا دروازہ کھلا ہے، امریکی سفیر

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) اقوام متحدہ میں امریکی سفیر مائیک والٹز نے کہا ہے کہ ایران اپنا رویہ تبدیل کرے تو مذاکرات کا دروازہ اب بھی کھلا ہے، جبکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکنے کے عزم پر قائم ہیں۔
اقوام متحدہ میں امریکی مستقل مندوب نے کہا کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنے کے لیے زیادہ سے زیادہ دباؤ برقرار رکھا جائے گا۔ ان کے بقول امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ کئی دہائیوں سے جاری تنازع کا تسلسل ہے۔
مائیک والٹز نے ایران پر دہشت گردی کی سرپرستی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ایران جوہری ہتھیاروں کی آڑ میں دنیا کو یرغمال نہیں بنا سکے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
دوسری جانب قطر نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کی بحالی کے لیے تقریباً دو ہفتوں سے سفارتی رابطے جاری ہیں اور مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔ قطر کے مطابق پاکستان بھی دونوں ممالک کے درمیان سفارتی کوششوں میں شریک ہے۔
قطری وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے بتایا کہ قطر کی ثالثی ٹیم تہران اور واشنگٹن کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور مذاکرات دوبارہ شروع ہونے کے امکانات کا جائزہ لے رہی ہے۔
ماجد الانصاری کے مطابق قطر کو امریکی انتظامیہ کے حکام کی جانب سے یہ یقین دہانیاں بھی موصول ہوئی ہیں کہ واشنگٹن ایران کے ساتھ کسی معاہدے تک پہنچنے کا خواہاں ہے۔



