9 مئی جلاؤ گھیراؤ کیس، علیمہ خان اور عظمیٰ خانم کی عبوری ضمانت پر ریکارڈ طلب

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کیس میں بانی پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خانم سمیت دیگر ملزمان کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر پراسیکیوشن سے مقدمات کا ریکارڈ طلب کرلیا۔
اے ٹی سی جج منظر علی گل نے عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔ عدالت نے استغاثہ کو مقدمات کا ریکارڈ آئندہ سماعت پر پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے وکلا کو بھی دلائل کے لیے طلب کرلیا۔
عدالت نے علیمہ خان، عظمیٰ خانم اور دیگر ملزمان کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 6 نومبر تک ملتوی کردی۔
سماعت کے دوران سابق وفاقی وزرا اسد عمر اور فواد چوہدری، مسرت چیمہ سمیت دیگر ملزمان بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے اعظم سواتی کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست بھی منظور کرلی۔
واضح رہے کہ ملزمان کے خلاف 9 مئی کے واقعات کے دوران جناح ہاؤس، عسکری ٹاور اور مسلم لیگ ن کے دفتر سمیت دیگر مقامات پر جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ سے متعلق مقدمات درج ہیں۔



