جمہوریت کی کامیابی کیلئے باشعور عوام، دیانتدار قیادت اور قانون کی عملداری ضروری ہے، مریم نواز

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ جمہوریت کی کامیابی کے لیے باشعور عوام، دیانتدار قیادت اور قانون کی عملداری بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔

عالمی یومِ جمہوریت کے موقع پر اپنے پیغام میں مریم نواز شریف نے کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد جمہوری اقدار کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ جمہوریت محض سیاسی نظام نہیں بلکہ ملکی ترقی میں عوام کے فعال کردار کا مسلسل عمل ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ جمہوریت ایک مسلسل سفر ہے جس کی منزل ایک متوازن اور فلاحی معاشرے کا قیام ہے، جبکہ اس کی کامیابی کے لیے باشعور عوام، دیانتدار قیادت اور قانون کی بالادستی ناگزیر ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ احتساب جمہوریت کا اہم ستون ہے، عالمی یومِ جمہوریت پر کرپٹ عناصر کے احتساب کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ پنجاب میں کرپشن کے خاتمے کے لیے منظم مہم جاری ہے اور آئین کی بالادستی ہی جمہوریت کی اصل روح ہے۔

انہوں نے کہا کہ جمہوری روایات کے فروغ اور استحکام کے لیے سول سوسائٹی اور ریاستی اداروں کی فعال شمولیت کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے باہمی برداشت، مفاہمت اور پارلیمانی روایات کا تسلسل ناگزیر ہے۔ جمہوریت ہی سیاسی، معاشی اور سماجی استحکام کی منزل حاصل کرنے کا واحد راستہ ہے۔

مزید خبریں

Back to top button