پاکستانی فٹبال کا عالمی سطح پر چرچا، مریم محمود اور لیلیٰ بنارس نے بڑے اعزازات جیت لیے

لندن (جانو ڈاٹ پی کے)پاکستانی فٹبالرز مریم محمود اور لیلیٰ بنارس نے لندن میں ہونے والے ایشین فٹبال ایوارڈز میں نمایاں اعزازات اپنے نام کرلیے۔
مریم محمود کو ویمنز پلیئر آف دی ایئر جبکہ لیلیٰ بنارس کو ویمنز ینگ پلیئر آف دی ایئر کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ایشین فٹبال ایوارڈز کی چھٹی تقریب میں برطانیہ میں فٹبال کے شعبے میں برٹش ساؤتھ ایشین کمیونٹی کے لیے نمایاں خدمات انجام دینے والے افراد اور اداروں کو بھی اعزازات دیے گئے۔
مریم محمود انگلش کلب ریکسہم کی نمائندگی کرتی ہیں۔ انہوں نے گزشتہ سال انڈونیشیا میں ہونے والے اے ایف سی ویمنز ایشین کپ کوالیفائرز کے دوران پاکستان کی جانب سے اپنا ڈیبیو کیا تھا۔ وہ پاکستان کی قومی ٹیم میں شامل برطانوی نژاد فٹبالرز میں سے ایک ہیں۔
لیلیٰ بنارس مڈفیلڈر کی حیثیت سے لیوس کلب کی نمائندگی کرتی ہیں۔ وہ 2006 میں برمنگھم میں پیدا ہوئیں جبکہ ان کے والد پاکستانی ہیں۔
دوسری جانب پاکستانی نژاد فٹبالر زیدان اقبال نے مینز پلیئر آف دی ایئر کا ایوارڈ حاصل کیا۔ زیدان اقبال نے 2021 میں مانچسٹر یونائیٹڈ کی جانب سے ینگ بوائز کے خلاف چیمپئنز لیگ میچ میں متبادل کھلاڑی کی حیثیت سے میدان میں اتر کر تاریخ رقم کی تھی۔ وہ اس وقت ڈنڈی یونائیٹڈ کی نمائندگی کر رہے ہیں اور 2026 ورلڈ کپ میں عراق کی جانب سے بھی کھیل چکے ہیں۔
پاکستانی فٹبالرز کی جانب سے ایشین فٹبال ایوارڈز میں اہم اعزازات حاصل کرنا برطانوی ساؤتھ ایشین فٹبال کمیونٹی اور پاکستانی فٹبال کے لیے ایک نمایاں پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔



