ہنگو میں افغان دہشتگردوں کے مارٹر حملے،6شہرشہید،متعدددہشتگردہلاک،لاشیں لےکرفرار

پشاور(جانوڈاٹ پی کے)ضلع ہنگو میں سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شدید جھڑپوں کے دوران دہشت گردوں کے جانب سے داغے گئے مارٹر گولے مقامی آبادی پر بھی گرے جس سے6شہری شہیداور13زخمی ہوگئے۔دہشتگرد متعدد لاشیں لے کر فرار ہوگئے۔آئی جی پی ذوالفقار حمید نے بہادر ہنگو پولیس و سی ٹی ڈی اور سیکیورٹی فورسز کو دہشتگردوں کی بڑی تعداد کا حملہ ناکام بنانے پر شاباش دی ہے۔
ہنگو پولیس، سی ٹی ڈی و سکیورٹی فورسز نے مشترکہ کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے فتنۃ الخوارج کے100سے زائد دہشت گردوں کی ضلع ہنگو میں دراندازی کی کوشش ناکام بنائی۔جھڑپوں میں دہشتگردوں کو بھاری نقصان کی اطلاعات ہیں،دہشتگرد ضلع اورکزئی کے پہاڑوں سے ہنگو کے علاقوں زرگری،شناوری اورنریاب میں داخلےکی کوشش کر رہے تھے۔
دہشت گردوں نے مختلف سرحدی پوسٹس کا محاصرہ کرنے کی بھی کوشش کی جسے ضلعی پولیس، سی ٹی ڈی، ایف سی اور پاک فوج نے بروقت کارروائی سے ناکام بنا دیا۔ سہ روزہ آپریشن کے دوران فتنۃ الخوارج کے دہشتگردوں اور پولیس و سیکورٹی فورسز کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں، جن میں دہشتگردوں کے فائر کیے مارٹر گولے مقامی آبادی پر بھی گرے، جس سے 6 شہری شہید اور 13 زخمی ہوئے۔



