بھارت میں شادی کا انوکھا فراڈ، 40 سے زائد دولہے دلہنوں کے انتظار میں بیٹھے رہ گئے

دہلی(جانوڈاٹ پی کے)بھارت کی ریاست مدھیہ پردیش میں شادی کے نام پر مبینہ فراڈ کا انوکھا واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں 40 سے زائد افراد دولہا بن کر اجتماعی شادی کی تقریب میں پہنچے، تاہم دلہنیں تقریب میں نہ پہنچیں۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق متاثرہ افراد کو ایک شخص نے خود کو شادی کے لیے رشتے کروانے والا شخص ظاہر کر کے دھوکا دیا۔

 متاثرین میں شامل ابھشیک ورما کے والدین بھی اپنے بیٹے کے لیے دلہن تلاش کر رہے تھے، جب قریبی گاؤں کے ایک شخص نے ان سے رابطہ کر کے رشتہ کروانے کی پیشکش کی۔

مبینہ میچ میکر نے خاندانوں کو بتایا کہ انہیں صرف تصویروں کے البم میں سے ایک یتیم لڑکی کا انتخاب کرنا ہوگا اور اجتماعی شادی میں شرکت کے لیے تقریباً 200 ڈالر ادا کرنا ہوں گے۔

رپورٹ کے مطابق مئی کے آخر میں شادی کے روز تقریباً 40 دولہے، جن میں ابھشیک ورما بھی شامل تھا، صبح 8 بجے شادی کے لباس میں تقریب میں پہنچ گئے، تاہم کئی گھنٹے انتظار کے باوجود کوئی دلہن وہاں نہ پہنچی۔

شام تک دولہوں کو اندازہ ہوگیا کہ وہ مبینہ طور پر فراڈ کا شکار ہوچکے ہیں۔

پولیس افسر کے مطابق متاثرہ افراد کی عمریں 20 سے 40 سال کے درمیان ہیں اور ان میں زیادہ تر افراد دیہی علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں۔

 ان کا کہنا ہے کہ شرمندگی کے باعث کئی دیگر متاثرین نے ممکنہ طور پر پولیس سے رابطہ نہیں کیا۔

پولیس نے مبینہ میچ میکر اور اس کے ساتھیوں کے خلاف فراڈ کے مقدمات درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button