سرکاری حج سکیم: دوسری قسط کی وصولی جاری، 22 ہزار سے زائد عازمین ادائیگی مکمل کر چکے

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) سرکاری حج سکیم کے تحت حج واجبات کی دوسری قسط کی وصولی کا سلسلہ جاری ہے، اب تک 22 ہزار 172 عازمین حج دوسری قسط کی ادائیگی مکمل کر چکے ہیں۔

وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق دوسری قسط کی مد میں اب تک 14 ارب 17 کروڑ روپے وصول ہو چکے ہیں۔ عازمین کو ادائیگی کے لیے مختلف ڈیجیٹل اور روایتی ذرائع کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ 12 ہزار 743 عازمین نے ون لنک کے ذریعے گھر بیٹھے دوسری قسط جمع کرائی، جبکہ ایک ہزار 89 افراد نے بینک کارڈ اور 8 ہزار 340 عازمین نے مینول بینک چالان کے ذریعے واجبات ادا کیے۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق ڈیجیٹل حج پورٹل کے ذریعے گھر بیٹھے آن لائن ادائیگی کا تناسب 55 فیصد سے تجاوز کر گیا ہے، جو عازمین کی جانب سے ڈیجیٹل سہولت کے بڑھتے ہوئے استعمال کی عکاسی کرتا ہے۔

وزارت نے واضح کیا ہے کہ سرکاری حج سکیم کے عازمین کے لیے حج واجبات کی دوسری قسط جمع کرانے کی حتمی تاریخ 20 اکتوبر مقرر کی گئی ہے، اس کے بعد ادائیگی کے حوالے سے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔

ترجمان کے مطابق دوسری قسط جمع کرانے سے قبل حج پورٹل پر میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ اپ لوڈ کرنا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔

حج واجبات کی دوسری قسط نیشنل آئی ٹی بورڈ کے حج پورٹل کے ذریعے ون لنک، بینک کارڈ یا مینول بینک چالان کے ذریعے جمع کرائی جا سکتی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button