میر رضا کیس: سینئر پولیس افسران کے تحریری جوابات کمیشن کو موصول، تفتیشی افسر طلب

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) میر رضا کیس کی تحقیقات کے لیے قائم جوڈیشل کمیشن کو سینئر پولیس افسران کے تحریری جوابات موصول ہوگئے، جبکہ کمیشن نے کیس کے تفتیشی افسر سراج لاشاری اور سی پی ایل سی کے نمائندے کاشف کو 7 اکتوبر کو طلب کر لیا۔

جسٹس عمر سیال کی سربراہی میں ہونے والے انکوائری کمیشن کے اجلاس میں گلستان جوہر کے رہائشی گواہ ریاض کا بیان بھی ریکارڈ کیا گیا۔ ریاض نے جائے وقوعہ کے اطراف ایک مشکوک گاڑی کی نشاندہی کی۔

وکیل جبران ناصر کے مطابق میر رضا کے قتل کے تقریباً دو ہفتے بعد بھی اسی نوعیت کی ایک گاڑی میر رضا کے گھر کے باہر دیکھی گئی۔ کمیشن کے سامنے صحافی بابر سلیم اور صولت جعفری نے بھی جائے وقوعہ کے اطراف مشکوک گاڑیوں اور موٹر سائیکل کی نقل و حرکت سے متعلق بریفنگ دی۔

صحافیوں کے مطابق دستیاب سی سی ٹی وی فوٹیج سے بظاہر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ میر رضا کی ریکی کی جا رہی تھی اور ان کی گاڑی کا گلستان جوہر سے پیچھا کیا گیا۔ ان کے مطابق گلستان جوہر سے میر رضا کے پیچھے نظر آنے والی گاڑی گیسٹ ہاؤس کے باہر رک گئی، جبکہ ایک موٹر سائیکل بھی جائے وقوعہ اور اس کے اطراف کا جائزہ لیتی دکھائی دی۔

اجلاس میں میر رضا کی کرپٹو ٹریڈنگ سے متعلق معلومات بھی پیش کی گئیں۔ صحافیوں کے مطابق میر رضا نے 2021ء میں کرپٹو ٹریڈنگ آئی ڈی بنائی اور ایک سال کے دوران مجموعی طور پر 8 کروڑ روپے کی ٹریڈنگ سامنے آئی۔ ان کے مطابق میر رضا کی کرپٹو میں خریداری فروخت کے مقابلے میں زیادہ تھی، تاہم ایک سال کی ٹریڈنگ کے باوجود وہ مسلسل خسارے میں نہیں تھے، جبکہ مجموعی نقصان تقریباً 3 کروڑ روپے بتایا گیا۔

جبران ناصر نے مؤقف اختیار کیا کہ میر رضا کے مالی نقصانات کو بنیاد بنا کر خودکشی کے بیانیے کو فروغ دیا گیا۔ ان کے مطابق میر رضا نے آخری تین ماہ کے دوران کرپٹو میں 90 لاکھ روپے لگائے جبکہ متعلقہ کرپٹو پلیٹ فارم کے نمائندے نے بتایا کہ اسی عرصے میں ان کی ٹریڈنگ میں تیزی آئی۔ جبران ناصر نے کہا کہ ممکن ہے یہ تیزی کسی دباؤ کا نتیجہ ہو، تاہم اس دعوے کی تحقیقات سے ہی حقیقت واضح ہوگی۔

کمیشن کے معاون تجمل لودھی ایڈووکیٹ نے ایڈیشنل آئی جی کراچی، ڈی آئی جی عامر فاروقی اور ڈی آئی جی ایسٹ فرخ لنجار کے سیل شدہ تحریری جوابات بھی کمیشن میں جمع کرا دیے۔

کمیشن نے 7 اکتوبر کو تفتیشی افسر سراج لاشاری اور سی پی ایل سی نمائندے کاشف کو طلب کر رکھا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button