ریاض اور خمیس مشیط پر حوثیوں کے میزائل حملے ناکام، بیلسٹک میزائل فضا میں تباہ

ریاض(ویب ڈیسک) سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض اور شہر خمیس مشیط کی جانب حوثیوں کی جانب سے داغے گئے بیلسٹک میزائل ناکام بنا دیے گئے۔
سعودی اتحادی افواج کے ترجمان ترکی المالکی کے مطابق دونوں شہروں کی جانب آنے والے بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا، حملوں کے نتیجے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ترجمان نے کہا کہ اتحادی افواج مکمل طور پر چوکس ہیں اور حوثیوں کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لائی گئی ہے۔ ان کے مطابق بحری افواج نے الحدیدہ گورنریٹ میں بھی کارروائی کرتے ہوئے آبی گزرگاہوں پر حملوں کی منصوبہ بندی ناکام بنا دی۔
رپورٹ کے مطابق مکہ دفاعی اتحاد کے ہنگامی اجلاس میں پاکستان اور ترکی کے فوجی دستوں کی سعودی عرب میں فوری تعیناتی کے فیصلے کے بعد صعدہ میں حوثیوں کے ایک میزائل ڈپو کو بھی تباہ کر دیا گیا۔
دوسری جانب یمنی فوج کی حوثیوں کے خلاف پیش قدمی جاری ہے۔ اطلاعات کے مطابق باب المندب کے بعد ذباب بندرگاہ، ایئرپورٹ اور المخا شہر کو بھی حوثیوں سے آزاد کرا لیا گیا، جبکہ تعز میں 250 سے زائد حوثیوں کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔



