26 فٹ لمبا ہمپ بیک وہیل کا بچہ ساحل پر دم توڑ گیا

ممبئی(ویب ڈیسک)بھارت کے شہر ممبئی کے ساحلی علاقے باندرہ میں 26 فٹ لمبا ہمپ بیک وہیل کا بچہ ساحل پر پھنس جانے کے بعد ہلاک ہو گیا، جبکہ حکام اور سمندری حیات کے ماہرین کی کئی گھنٹوں پر مشتمل امدادی کارروائیاں اسے بچانے میں کامیاب نہ ہو سکیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مقامی افراد نے باندرہ ساحل پر وہیل کے بچے کو پھنسا ہوا دیکھ کر متعلقہ حکام کو اطلاع دی، جس کے بعد محکمہ جنگلات، شہری انتظامیہ، سمندری حیات کے ماہرین اور ویٹرنری ڈاکٹروں پر مشتمل ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔

حکام کے مطابق وہیل کو دوبارہ گہرے پانی میں منتقل کرنے کی بھرپور کوشش کی گئی، تاہم اس کی حالت انتہائی نازک ہونے کے باعث وہ جانبر نہ ہو سکی اور موقع پر ہی دم توڑ گئی۔

بعد ازاں بھارتی وائلڈ لائف پروٹیکشن ایکٹ کے تحت مقررہ ضابطوں کے مطابق وہیل کی باقیات کا معائنہ کیا گیا، جس کے بعد اسے باقاعدہ طور پر دفن کر دیا گیا۔

ماہرین کے مطابق وہیل کے ساحل پر پھنسنے کی ممکنہ وجوہات میں سمندری لہروں کے رخ میں تبدیلی، بیماری، زخمی ہونا، آلودگی یا نیویگیشن میں خرابی شامل ہو سکتی ہیں۔

حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ وہیل کی ہلاکت کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے، جبکہ جنگلی حیات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ سمندری ماحول میں تبدیلی، آلودگی اور انسانی سرگرمیوں کے باعث دنیا بھر میں وہیل اور دیگر بڑے سمندری جانوروں کے ساحل پر پھنسنے کے واقعات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button