ایران کی ٹرمپ پر کڑی تنقید، اسلام آباد مفاہمتی یادداشت مسترد کرنے پر امریکی وعدوں کو کھوکھلا قرار دے دیا

تہران(مانیٹرنگ ڈیسک) ایران نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کو مسترد کرنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن کا یہ اقدام سفارتی وعدوں کی کھوکھلی حیثیت ظاہر کرتا ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ امریکی صدر کا اعتراف ظاہر کرتا ہے کہ امریکا بار بار اپنے وعدوں سے پیچھے ہٹتا اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کو نظرانداز کرتا ہے۔

اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ واشنگٹن کا سفارت کاری کے حوالے سے رویہ ایک بار پھر بے نقاب ہوگیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ یورپی ممالک امریکا کو جواب دہی سے بچا رہے ہیں، جبکہ وعدوں کی خلاف ورزی کا کوئی جواز پیش نہیں کیا جاسکتا۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے امریکی طرزِ عمل پر تنقید کرتے ہوئے سفارتی وعدوں کی پاسداری اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کی اہمیت پر زور دیا۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کو فضول اور وقت کا ضیاع قرار دیا تھا، جس کے بعد ایران کی جانب سے یہ ردعمل سامنے آیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button