سعودی عرب پر حوثی میزائل حملہ ناکام، طائف کا بیلسٹک میزائل تباہ، ریاض میں ملبہ گرنے سے نقصان

ریاض(ویب ڈیسک) سعودی فوجی اتحاد نے دعویٰ کیا ہے کہ طائف کی جانب داغا گیا حوثیوں کا بیلسٹک میزائل روک کر تباہ کر دیا گیا، جبکہ ریاض میں میزائلوں کا ملبہ گرنے سے عمارت، تعمیراتی مقام اور ایک گاڑی کو نقصان پہنچا ہے۔
سعودی سول ڈیفنس نے بتایا کہ دارالحکومت ریاض میں میزائلوں کا ملبہ گرنے کے نتیجے میں مختلف مقامات متاثر ہوئے۔ حکام کی جانب سے نقصان کی تفصیلات سے متعلق مزید معلومات سامنے نہیں آئیں۔
سعودی حکام کے مطابق جدہ اور ینبع میں ممکنہ حملے کے پیش نظر جاری کی گئی وارننگ کچھ دیر بعد واپس لے لی گئی۔
سعودی شہری دفاع نے شہریوں اور مملکت میں مقیم غیر ملکیوں کو حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے کی تاکید کی ہے۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ میزائلوں یا ڈرونز کو روکنے کے واقعات اور ان کے ممکنہ گرنے کے مقامات کی ویڈیوز بنانے یا پھیلانے پر قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔
شہری دفاع نے عوام کو غیر مصدقہ ویڈیوز اور افواہیں پھیلانے سے گریز کرنے کی ہدایت بھی کی ہے، تاکہ غلط معلومات کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے اور سکیورٹی اقدامات متاثر نہ ہوں۔



