امریکا نے شام کو 47سال بعد دہشت گردی کی سرپرست ریاستوں کی فہرست سے نکال دیا

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا نے تقریباً 47 سال بعد شام کو باضابطہ طور پر دہشت گردی کی سرپرست ریاستوں (State Sponsors of Terrorism) کی فہرست سے خارج کر دیا۔

امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق یہ فیصلہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ کی شام کے حوالے سے پالیسی میں بڑی تبدیلی کا حصہ ہے۔ شام کو 1979 میں اس فہرست میں شامل کیا گیا تھا۔

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے 24 اگست 2026 کو لازمی 45 روزہ کانگریسی جائزے کی مدت مکمل ہونے کے بعد شام کا نام فہرست سے نکالنے کا باضابطہ اعلان کیا۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 8 جولائی کو کانگریس کو فیصلے سے آگاہ کیا تھا۔

امریکی حکام کے مطابق اقدام کا مقصد شام میں اقتصادی بحالی، بین الاقوامی تجارت اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے راستے ہموار کرنا ہے۔ اس اقدام کے تحت حیات تحریر الشام کو بھی اسپیشلی ڈیزگنیٹڈ گلوبل ٹیررسٹ فہرست سے خارج کر دیا گیا ہے، جبکہ بعض پابندیوں اور مالی رکاوٹوں میں بھی نرمی آئے گی۔

تاہم بعض مخصوص شامی افراد اور اداروں پر عائد پابندیاں برقرار رہ سکتی ہیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق امریکی فیصلے سے شام کی عالمی سطح پر دوبارہ معاشی اور سفارتی شمولیت کی راہ ہموار ہو سکتی ہے جبکہ جنگ سے تباہ حال ملک میں تعمیر نو اور بیرونی سرمایہ کاری کے امکانات بھی بڑھ سکتے ہیں۔

شام کے اخراج کے بعد امریکا کی دہشت گردی کی سرپرست ریاستوں کی فہرست میں اب ایران، کیوبا اور شمالی کوریا شامل ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button