مہاتما گاندھی کے ہاتھ سے لکھے نوٹس 17 لاکھ ڈالر میں نیلام

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے)ممبئی میں بھارتی رہنما مہاتما گاندھی کے ہاتھ سے لکھے نوٹس کا مجموعہ ریکارڈ 17 لاکھ ڈالر میں فروخت ہو گیا۔
یہ کسی بھی بھارتی تاریخی دستاویز کے لیے نیلامی میں ادا کی جانے والی اب تک کی سب سے زیادہ قیمت ہے۔
ممبئی میں قائم نیلام گھر سیفرون آرٹ کے مطابق یہ مجموعہ گاندھی کے قریبی ساتھی آنند ٹی ہنگورانی کے خاندان نے محفوظ رکھا تھا۔
مجموعے میں شامل 688 نوٹس گاندھی نے ہنگورانی کی اہلیہ ودیا کی موت کے بعد انہیں لکھے تھے، جنہیں بعدازاں اے تھاٹ فار دی ڈے کے عنوان سے کتاب کی شکل میں مرتب کیا گیا۔
یہ نوٹس 1944 سے 1946 کے درمیان لکھے گئے تھے اور ان میں سچائی، خدا اور عدم تشدد سمیت مختلف موضوعات پر گاندھی کے خیالات شامل ہیں۔
سیفرون آرٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ اے تھاٹ فار دی ڈے 17 لاکھ ڈالر میں فروخت ہوا، جو نیلامی میں کسی بھارتی تاریخی دستاویز کی فروخت کا عالمی ریکارڈ ہے۔
گاندھی فرام دی کلیکشن آف آنند ٹی ہنگورانی کے عنوان سے پیش کیے گئے اس مجموعے میں گاندھی کی ذاتی استعمال کی قابلِ نقل چرخہکے نظم و ضبط سے متعلق تحریری نوٹس بھی شامل تھے۔
نیلام گھر کے شریک بانی دنیش وزیرانی کے مطابق اس مجموعے کی خاص بات یہ ہے کہ اس کے ذریعے بھارت کی تاریخ کی ایک اہم ترین شخصیت کو ان کے قریبی اور ذاتی تعلق کے تناظر میں دیکھنے کا موقع ملتا ہے۔



