آبنائے ہرمز کی غیر یقینی صورتحال، پاکستان کا قطر سے ایل این جی کے 3 کارگو لینے کا فیصلہ

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) آبنائے ہرمز کے راستے توانائی کی ترسیل میں بڑھتی غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر حکومت نے اکتوبر کے دوران قطر سے ایل این جی کے 3 کارگو حاصل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق حکومت ایل این جی کارگوز کی محفوظ اور بلاتعطل ترسیل یقینی بنانے کے لیے ایرانی حکام سے رابطے کی تیاری کر رہی ہے، تاکہ سمندری راستے میں کسی بھی ممکنہ رکاوٹ سے بچا جا سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب قطر انرجی نے پاکستان کو ایل این جی کی فراہمی سے متعلق فورس میجر کی مدت میں 4 نومبر تک توسیع کردی ہے۔
حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ توانائی کی ترسیل میں موجودہ تعطل آنے والے موسم سرما کے دوران بھی برقرار رہ سکتا ہے، جس کے باعث ملک میں گیس کی ممکنہ قلت سے نمٹنے کے لیے فوری اور متبادل اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
حکومت کی جانب سے ایل این جی کی مسلسل فراہمی برقرار رکھنے اور توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے مختلف آپشنز پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔



