ڈیپلو کے قریب زمینی تنازع، میگھواڑ خاندان کا بااثر افراد پر قبضے اور دھمکیوں کا الزام، تحفظ کا مطالبہ

تھرپارکر (رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) تھرپارکر کے تعلقہ ڈیپلو کے گاؤں موٹاٹیو میں زمینی تنازع سامنے آیا ہے، جہاں مقامی رہائشی دسرت کمار میگھواڑ نے ایک ویڈیو بیان میں الزام عائد کیا ہے کہ گاؤں کی بااثر ٹھاکر برادری کے بعض افراد ان کی زمین پر قبضہ کرنے، انہیں علاقے سے بے دخل کرنے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔

دسرت کمار میگھواڑ کے مطابق مخالف فریق ان کے گھروں کے قریب واقع کنویں پر آ کر بیٹھ جاتا ہے، جس کے باعث ان کے اہل خانہ، خصوصاً خواتین اور بچوں کو پانی بھرنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ کئی سال قبل ٹھاکر برادری نے ان کے خاندان سے زمین خریدی تھی اور اس کا انتقال بھی قانونی طور پر اپنے نام کروا لیا تھا، تاہم اب ان کی ملحقہ زرعی اراضی پر بھی تنازع کھڑا کیا جا رہا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مخالف فریق پانی کی گزرگاہ بند کرنے، بند باندھنے اور بارش کے پانی کا راستہ روکنے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بعض افراد کلہاڑیوں اور لاٹھیوں کے ساتھ جھگڑے کے لیے تیار رہتے ہیں، جس سے ان کا خاندان خوف و ہراس کا شکار ہے۔

دسرت کمار میگھواڑ نے کہا کہ ان کا خاندان غریب ہے اور کسی قسم کے تصادم یا جھگڑے کا خواہش مند نہیں، لہٰذا انہیں قانونی تحفظ فراہم کیا جائے اور معاملے کو قانون کے مطابق حل کیا جائے۔

انہوں نے ارباب لطف اللہ، ایم پی اے سریندر ولاسائی، انجینئر گیان چند، ڈاکٹر کھٹو مل اور دیگر متعلقہ حکام سے اپیل کی کہ وہ معاملے کا فوری نوٹس لیں، الزامات کی شفاف تحقیقات کرائیں اور انہیں انصاف اور تحفظ فراہم کریں۔

نوٹ: اس خبر میں شامل الزامات درخواست گزار دسرت کمار میگھواڑ کے ویڈیو بیان پر مبنی ہیں۔ خبر جاری ہونے تک نامزد فریق یا متعلقہ سرکاری اداروں کا مؤقف سامنے نہیں آیا۔

مزید خبریں

Back to top button