رشوت لینا مہنگا پڑ گیا،وزیردفاع خواجہ آصف کی ٹویٹ پر2لیسکو لائن مین،لائن سپرنٹنڈنٹ معطل

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)وزیردفاع خواجہ آصف کی جانب سے لیسکو کے خلاف ٹوئٹ کے معاملے پر2لائن مین اورایک لائن سپرنٹنڈنٹ کو معطل کردیا گیا۔ایکسیئن پھول نگر ڈویژن کے مطابق لائن سپرنٹنڈنٹ محمد حسین، لائن مین شوکت اور لائن مین فلک شیر کو معطل کردیا گیا ہے۔ایکسیئن پھول نگر کا کہنا ہےکہ 200 کلوواٹ کا ٹرانسفارمر جلنے پر 100کلوواٹ ٹرانسفارمر نصب کیا جارہا تھا، گاؤں کے لوگوں اور خواجہ آصف کےکوآرڈینیٹر نے لیسکو کے عملےکو روک دیا۔

ایکسیئن پھولنگر کے مطابق انہوں نے چک27کا خود وزٹ کیا،کسی نے لیسکو عملےکو پیسے دینےکا ثبوت نہیں دیا۔خیال رہےکہ خواجہ آصف نے سوشل میڈیا پر شکایت کی تھی ان کے ملازم کےگاؤں کا ٹرانسفارمر 80 ہزار روپے رشوت کے بعد تبدیل کیا گیا۔ذرائع لیسکو کا کہنا ہےکہ ایک پرائیویٹ شخص شبیر نےگاؤں سے پیسے اکٹھے کیے جس کا لیسکو سےکوئی تعلق نہیں، خواجہ آصف کے ٹوئٹ پر اعلیٰ سطح پر انکوائری کی جا رہی ہے، چیف ایگزیکٹیو لیسکو کے نوٹس پر ڈائریکٹر سرویلینس اینڈ انسپکشن ٹیم انکوائری کر رہی ہے۔



