صائم ایوب قومی اسکواڈ سے ریلیز،صاحبزادہ فرحان طلب

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اوپننگ بیٹر صائم ایوب کو قومی اسکواڈ سے ریلیز کرنے کے بعد صاحبزادہ فرحان کو ٹیم میں شامل کرلیا ہے۔ پی سی بی کے مطابق صائم ایوب نے ڈومیسٹک کرکٹ میں اپنی بیٹنگ بہتر بنانے پر توجہ دینے کے لیے اسکواڈ سے ریلیز کی درخواست کی تھی۔
بورڈ کے مطابق صائم ایوب نے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن سے بات چیت کے دوران اپنی درخواست پیش کی، جسے پاکستان ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی نے باہمی مشاورت سے منظور کرلیا۔ پی سی بی نے صائم ایوب کے اس فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ فارم کو مدنظر رکھتے ہوئے انہوں نے ڈومیسٹک کرکٹ میں اپنی بیٹنگ پر کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دوسری جانب صاحبزادہ فرحان کو قومی اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وہ نیپال پریمیئر لیگ میں شرکت کے لیے کھٹمنڈو میں موجود ہیں، تاہم قومی ذمہ داریوں کے لیے انہیں طلب کرلیا گیا ہے اور وہ پہلی دستیاب پرواز کے ذریعے وطن واپس روانہ ہوں گے۔
واضح رہے کہ مسلسل تین فتوحات کے ساتھ فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے والی پاکستانی ٹیم تین ملکی سیریز کے پانچویں میچ میں منگل، 27 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں سری لنکا کے مدمقابل ہوگی۔



