تھری ڈی پرنٹنگ کا کمال، زخمی پرندے کی ٹوٹی چونچ مصنوعی حصوں سے بحال کردی گئی

ایمسٹرڈیم (جانو ڈاٹ پی کے)نیدرلینڈز کے شہر ایمسٹرڈیم کے آرٹس چڑیا گھر میں جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ایک زخمی پرندے کا کامیاب علاج کیا گیا، جہاں سدرن ہارن بِل کی ٹوٹی ہوئی اوپری اور نچلی چونچ کی جگہ تھری ڈی پرنٹنگ سے تیار کردہ دو مصنوعی حصے نصب کردیے گئے۔

چڑیا گھر کی انتظامیہ کے مطابق کم عمر نر پرندے کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے پلاسٹک سے مصنوعی چونچ کے دونوں حصے تیار کیے گئے، جنہیں سرجنز نے پیچوں کی مدد سے جوڑ دیا۔ چونچ ٹوٹنے کے باعث پرندے کو خوراک کھانے اور اپنی دیکھ بھال کرنے میں مشکلات کا سامنا تھا۔

آرٹس چڑیا گھر نے فیس بک پر جاری بیان میں وضاحت کی کہ چونچ کا کچھ حصہ ضائع ہوجانا پرندے کے لیے محض ظاہری نقصان نہیں، بلکہ اس سے اس کی روزمرہ زندگی بھی بری طرح متاثر ہوتی ہے۔ چونچ کے بغیر پرندے کے لیے زمین سے خوراک اٹھانا اور اپنے پروں کی صفائی کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔

اس منفرد علاج کے لیے آرٹس چڑیا گھر نے یوٹریخت یونیورسٹی کے شعبہ ویٹرنری میڈیسن کے ساتھ مل کر کام کیا۔ ماہرین نے تھری ڈی پرنٹنگ ٹیکنالوجی کے ذریعے پرندے کی ضروریات کے مطابق مصنوعی چونچ کے حصے تیار کیے، جس سے اس کے لیے معمول کی سرگرمیاں انجام دینے کے امکانات بہتر ہوئے۔

واضح رہے کہ 1838 میں قائم ہونے والا آرٹس چڑیا گھر ایمسٹرڈیم میں واقع ہے اور دنیا کے قدیم ترین چڑیا گھروں میں شمار ہوتا ہے۔ زخمی پرندے کے علاج میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال جنگلی حیات کے تحفظ اور ویٹرنری میڈیسن کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button