کشمیر کیلئے ہم نے بھی قربانیاں دی ہیں، اپنے بیان پر قائم ہوں، جو لکھا ثبوت کے ساتھ لکھا، خواجہ آصف

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے اپنے حالیہ بیان کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کشمیریوں نے جانیں قربان کی ہیں تو پاکستان نے بھی کشمیر کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔
ایک بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ انہوں نے جو کچھ لکھا ہے وہ ثبوت کے ساتھ لکھا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر قربانیوں، جدوجہد اور ہجرتوں کی تاریخ سے عبارت ہے اور پاکستان نے بھی اس مسئلے کے حل کے لیے بھاری قیمت ادا کی ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان کشمیر کے لیے پانچ جنگیں لڑ چکا ہے، تاہم سوال یہ ہے کہ ان قربانیوں اور کوششوں کا صلہ کیا ملا؟ انہوں نے شکوہ کیا کہ بعض حلقوں کی جانب سے پاکستان کو تنقید اور الزامات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے الزام عائد کیا کہ پاکستان تحریک انصاف نے سیاسی رواداری کے کلچر کو نقصان پہنچایا۔ ان کے مطابق پی ٹی آئی کے دورِ حکومت میں سیاسی ماحول ایسا تھا کہ لوگ ان سے ملاقات یا رابطے سے بھی گریز کرتے تھے تاکہ پارٹی قیادت ناراض نہ ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت سیاسی مکالمے پر یقین رکھتی ہے اور گزشتہ روز وزیراعظم نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن سے بات چیت کر کے اس روایت کو آگے بڑھانے کی کوشش کی۔



