کرینہ کپور کی بھنسالی کی نئی فلم میں واپسی؟ دھنوش کیساتھ جوڑی بننے کا امکان

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے)کیا بالی ووڈ کی بیبو کرینہ کپور اور سنجے لیلا بھنسالی کے درمیان 25 سال پرانا اختلاف ختم ہونیوالا ہے؟
اطلاعات کے مطابق کرینہ کپور خان سنجے لیلا بھنسالی کی نئی پروڈکشن میں ساؤتھ کے سپر اسٹار دھنوش کے مدمقابل مرکزی کردار ادا کرنے کے لیے بات چیت کر رہی ہیں۔ اگر یہ معاہدہ طے پا جاتا ہے تو یہ دونوں کی پہلی مشترکہ فلم ہوگی۔
اطلاعات کے مطابق سنجے لیلا بھنسالی نے اپنی آئندہ فلم میں مرکزی فیمیل رول کے لیے کرینہ کپور سے رابطہ کیا ہے۔ اس فلم میں دھنوش مرکزی کردار ادا کریں گے، جبکہ فیمیل کردار بھی کہانی میں برابر کی اہمیت رکھتا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ کرینہ نے اس پروجیکٹ میں دلچسپی ظاہر کی ہے، تاہم ابھی حتمی فیصلہ نہیں کیا اور دونوں فریقین کے درمیان معاملات پر بات چیت جاری ہے۔
یہ بڑے بجٹ کی افسانوی ایڈونچر ہوگی، فلم کی کہانی جنگل کے پس منظر میں پیش کی جائے گی۔ اگرچہ فلم سازوں نے ابھی تک کہانی کی تفصیلات ظاہر نہیں کیں، لیکن اطلاعات ہیں کہ فلم کی کہانی ایک ہاتھی کے گرد گھومتی ہے۔ فلم کو سنجے لیلا پروڈیوس کریں گے جبکہ ہدایت کاری پی ایس متھرن کریں گے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اس خبر کی سب سے بڑی وجہ کرینہ کپور اور سنجے لیلا بھنسالی کے درمیان ماضی کا اختلاف ہے۔ کرینہ کو ایک وقت میں فلم دیوداس کے لیے منتخب کیا گیا تھا، لیکن بعد میں یہ کردار ایشوریہ رائے بچن کو دے دیا گیا۔ کرینہ نے بعد میں اعتراف کیا تھا کہ اس واقعے نے انہیں بہت دکھی کیا اور اس کے بعد دونوں نے کبھی کسی فلم میں ایک ساتھ کام نہیں کیا۔
ماضی میں فلم فیئر کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کرینہ نے کہا تھا کہ میں سنجے لیلا کے ساتھ کبھی کام نہیں کروں گی۔ انہوں نے میرے ساتھ غلط کیا، دیوداس کے لیے میرا اسکرین ٹیسٹ لیا، سائننگ اماؤنٹ بھی دی، پھر کسی اور کو لے لیا۔ یہ میرے لیے بہت تکلیف دہ تھا کیونکہ وہ میرے کیریئر کا آغاز تھا۔
فی الحال فلم کی اسکرپٹ پر کام جاری ہے۔ توقع ہے کہ پری پروڈکشن کا آغاز رواں سال کے آخر میں ہوگا، جبکہ شوٹنگ جنوری 2027 میں شروع کی جائے گی۔
اگر کرینہ اس فلم کے لیے حامی بھر لیتی ہیں تو یہ بالی ووڈ کے طویل ترین زیرِ بحث پیشہ ورانہ اختلافات میں سے ایک کا اختتام ہوگا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں اپنے اپنے شعبے کے بڑے نام ہونے کے باوجود آج تک کسی فلم میں ایک ساتھ کام نہیں کر سکے۔ کرینہ کپور جلد ہی میگھنا گلزار کی کرائم تھرلر فلم دائرہ میں پرتھوی راج سوکومارن کے ساتھ نظر آئیں گی۔



