کنگنا رناوت جین زی کو’’گٹر جنریشن‘‘ کہنے کے اپنے موقف پر ڈٹ گئیں،نوجوانوں کووارننگ بھی ڈالی

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے)نامور بھارتی اداکارہ اور رکن پارلیمنٹ کنگنا رناوت جین زی (موجودہ دور کی نوجوان نسل) کو ’گٹر جنریشن‘ کہنے کے اپنے موقف پر ڈٹ گئیں، سوشل میڈیا پر انہوں نے بیان جاری کرکے نوجوان نسل کو وارننگ بھی دے دی۔
بھارتی ریاست ہماچل پردیش سے رکنِ پارلیمنٹ کنگنا رناوت نے حال ہی میں طلبہ مظاہروں اور جنریشن زی کے رویے پر سخت تنقید کی تھی، جس کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے خلاف شدید برہمی کا اظہار کیا گیا۔
اس ردِعمل کے بعد کنگنا نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے اپنا موقف پھر سے دہرایا اور کہا، ’ہم نہیں چاہتے کہ ہمارے گھر کے بچوں کو کوئی بیہودہ الفاظ سے تعبیر کرے یا ان کے رویے کی وجہ سے بزرگوں کے سامنے شرمندگی اٹھانی پڑے۔ ہم اس طرح کے رویے کو نہ تو قبول کریں گے اور نہ ہی اسے نارمل بننے دیں گے۔‘
انہوں نے مزید کہا، ’کیا آپ اپنی بیٹیوں کو یہی سکھائیں گے؟ نظم و ضبط میں رہنا کوئی آپشن نہیں بلکہ سماجی ضرورت ہے۔ آپ کی آزادی وہاں ختم ہو جاتی ہے جہاں سے میرے ناک اور کان شروع ہوتے ہیں۔ اگر آپ نے معاشرے میں رہنا ہے تو آئین اور اخلاقیات کے مطابق چلنا پڑے گا۔‘
اداکارہ نے بھارتی وزیراعظم کا دفاع کرتے ہوئے کہا، ’کسی کے جذبات کو مجروح کرنا کوئی ’کُول‘ (Cool) بننا نہیں، بلکہ یہ بنیادی شہری شعور کی کمی ہے۔‘
کنگنا کا کہنا تھا کہ ایسی گندگی صرف کمرے کے اندر دکھائی جا سکتی ہے، باہر سب کو حدود میں رہنا ہوگا ورنہ مستقبل تاریک ہو جائے گا۔
اس سے قبل کنگنا رناوت نے نئی دہلی کے جنتر منتر پر نیٹ پیپر لیکس کے خلاف مظاہرہ کرنے والے نوجوانوں کی ویڈیوز پر تبصرہ کرتے ہوئے انہیں ’گٹر جنریشن‘ قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ ان کی زبان دیکھ کر الٹی آنے لگتی ہے۔



