جشنِ آزادی پر بدین کے پوزیشن ہولڈرز کی حوصلہ افزائی، طلبہ میں انعامات اور شیلڈز تقسیم

بدین(رپورٹ:مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ/ پی کے)جشنِ آزادی کے موقع پر چیئرمین ضلع کونسل بدین اور صدر پاکستان پیپلز پارٹی ضلع بدین جام علی اصغر ہالیپوٹو کی جانب سے ضلع کونسل بدین میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جام علی اصغر ہالیپوٹو نے کہا کہ آزادی ایک عظیم نعمت ہے جو ہمیں ہمارے بزرگوں کی لازوال قربانیوں اور جدوجہد کے نتیجے میں حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے حیدرآباد تعلیمی بورڈ کے میٹرک امتحانات میں ٹاپ ٹین پوزیشنز حاصل کرنے والے طلبہ میں سے ضلع بدین کے چار پوزیشن ہولڈرز طلبہ و طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ نوجوان ہمارے مستقبل کے معمار ہیں انہوں نے کہا کہ ضلع کونسل بدین ہمیشہ تعلیم کے فروغ کے لیے کوشاں رہی ہے، جس کا ثبوت یہ ہے کہ بجٹ میں خطیر رقم ذہین اور مستحق طلبہ کے لیے اسکالرشپس کی مد میں مختص کی جاتی ہے تاکہ وہ اپنی تعلیمی ضروریات پوری کر سکیں۔ تقریب میں ضلع بدین کے پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات نے تلاوتِ قرآن پاک، نعت رسول مقبول ﷺ، تقاریر، ٹیبلوز اور ملی نغمے پیش کیے، جنہیں حاضرین نے خوب سراہا۔ اس موقع پر جام علی اصغر ہالیپوٹو نے تمام پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات میں نقد انعامات اور شیلڈز تقسیم کیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے یہ بچے کل اہم عہدوں پر فائز ہو کر اپنے شہر، صوبے اور ملک کا نام روشن کریں گے ایم پی اے تنزیلہ ام حبیبہ قمبرانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے حالیہ حالات میں اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بہادری سے ثابت کیا ہے کہ پاکستان ایک ناقابلِ تسخیر ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب قومی مفاد اور ملکی سلامتی کا معاملہ درپیش ہو تو پوری قوم ذاتی اختلافات کو پس پشت ڈال کر دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن جاتی ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان سے محبت کا تقاضا ہے کہ ہم اپنی دھرتی سندھ سے بھی محبت کریں انہوں نے حیدرآباد بورڈ کے نتائج میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو مبارکباد پیش کی تنزیلہ ام حبیبہ قمبرانی نے محکمہ تعلیم کے ڈسٹرکٹ فوکل پرسن محمد خان سموں کی صاحبزادی زینب سموں کی مسلسل شاندار کامیابیوں اور قومی سطح پر طالبات کی نمائندگی کرنے پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا ایس ایس پی بدین قمر رضا جسکانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دوسری جنگِ عظیم کے بعد دنیا کے کئی ممالک آزاد ہوئے اور پاکستان بھی ان ابتدائی آزاد ہونے والے ممالک میں شامل تھا، کیونکہ ہمارے قائدین نے دیگر ممالک کے رہنماؤں کے مقابلے میں زیادہ مؤثر اور بھرپور جدوجہد کی۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کے حقیقی مقاصد کے حصول کے لیے ہم سب کو محنت کرنا ہوگی اور قائداعظم محمد علی جناحؒ کے اصولوں اور ہدایات پر عمل پیرا ہونا ہوگا تقریب میں وائس چیئرمین ضلع کونسل اور تعلقہ صدر فدا حسین مندھرو، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری انور پارابی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر پرائمری الطاف حسین میمن، ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات سرفراز سموں، چیف آفیسر ضلع کونسل اشوک کمار چیئرمین ٹاؤن کمیٹی ٹنڈوباگو خان صاحب جمالی، چیئرمین ٹاؤن کمیٹی شہید فاضل راہو عبدالسلام آرائیں، چیئرمین ٹاؤن کمیٹی نندو الطاف حسین میمن چیئرمین ٹاؤن کمیٹی تلہار عبدالعزیز جمالی سیکشن آ فیسر اقبال جونیجو سمیت معزز شہریوں، طلبہ و طالبات اور صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی



