اسلام کوٹ میں تھر کول بلاک ون کے خلاف احتجاج،تیسرے روز بھی دھرنا جاری

تھرپارکر(میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) تھر کول بلاک ون کمپنی اور ریونیو عملے کے خلاف گاؤں بھاوو مہاوو بھیل شہمیر وکی کے رہائشیوں کا پرامن دھرنا تیسرے روز بھی جاری رہا۔
رابطہ کرنے پر گاؤں کے رہائشی جمال شاہ، گانگو بھیل، نرسنگھ بھیل، اکبر وکیو اور رحیم وکیو سمیت دیگر نے بتایا کہ ریونیو عملہ کمپنی کا آلہ کار بن چکا ہے۔ ان کا الزام تھا کہ ریونیو حکام اور کمپنی زبردستی لوگوں کو مذکورہ جگہ پر بسانا چاہتے ہیں، جسے وہ کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ مختیارکار اور متعلقہ عملہ بھی کمپنی کی حمایت کر رہا ہے، جس کے باعث مقامی لوگوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان کے ساتھ ناانصافی بند کی جائے اور زمینوں کے معاملے پر شفاف تحقیقات کرائی جائیں۔



