اسلام کوٹ:پریس کلب کے سامنے کولہی برادری کا احتجاج، پلاٹوں پر قبضے کے الزامات

تھرپارکر (میندھرو کاجھروی/جانوڈاٹ پی کے)اسلام کوٹ میں پریس کلب کے سامنے کولہی برادری سے تعلق رکھنے والی خواتین اور مردوں نے شدید احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے کرشنا کالونی میں دیے گئے پلاٹوں پر مبینہ قبضے کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ انہیں ویریجی کولہی اور کرشنا کولہی کی جانب سے جو پلاٹ الاٹ کیے گئے تھے، ان پر بھمرو کولہی، ارجن کولہی اور ہیمراج کولہی اپنے افراد کے ہمراہ زبردستی قبضہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ نہ صرف ان کے پلاٹوں پر قبضہ کیا جا رہا ہے بلکہ انہیں وہاں سے نکل جانے کی دھمکیاں بھی دی جا رہی ہیں۔ احتجاج میں شامل افراد نے مزید بتایا کہ ماضی میں بھی انہیں استعمال کرنے کی کوشش کی گئی اور انہیں کیلاش بٹانی کی سروی نمبر والی زمین پر قبضہ کرنے کے لیے اکسایا گیا، تاہم انہوں نے کسی بھی غیرقانونی سرگرمی میں حصہ لینے سے انکار کیا۔ مظاہرین کے مطابق اب ان کے اپنے جائز اور قانونی پلاٹوں پر قبضہ کیا جا رہا ہے، جو سراسر ناانصافی ہے۔ مظاہرین نے ایس ایس پی تھرپارکر، ڈپٹی کمشنر تھرپارکر اور اسلام کوٹ کی مقامی انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اس معاملے کا نوٹس لیں، متاثرین کو تحفظ فراہم کریں اور انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں۔



