امریکی حملے کے بعد ایران نے بھی عراقی سمندر کے قریب جہاز پر کروز میزائل داغ دیا

تہران(مانیٹرنگ ڈیسک) ایران نے اپنے ایک کمرشل جہاز پر مبینہ امریکی حملے کے بعد جوابی کارروائی کا دعویٰ کرتے ہوئے امریکا اور اسرائیل کو سخت نتائج سے خبردار کیا ہے۔

پاسدارانِ انقلاب کے مطابق عراقی سمندری حدود کے قریب امریکا اور اسرائیل سے منسلک ایک جہاز کو کروز میزائل کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں جہاز پر دھماکے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ تاہم حملے کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات یا جانی نقصان کی تفصیلات فوری طور پر سامنے نہیں آئیں۔

ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں کہا کہ اگر ایران یا اس کے مفادات کو دوبارہ نشانہ بنایا گیا تو اس کا فیصلہ کن اور سخت جواب دیا جائے گا۔

دوسری جانب ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے لبنان کی صورتحال پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر لبنان پر حملے بند نہ ہوئے تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔

ابراہیم عزیزی نے امریکا اور اسرائیل کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے انتباہات کو معمولی نہ سمجھا جائے، کیونکہ تہران اپنی سلامتی اور علاقائی مفادات کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال مزید حساس ہوتی جا رہی ہے، جبکہ عالمی برادری کشیدگی کم کرنے اور سفارتی حل تلاش کرنے پر زور دے رہی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button