ایرانی ریال کی قدر زمین بوس، ڈالر26لاکھ95ہزار ریال تک پہنچ گیا

 تہران (جانو ڈاٹ پی کے) ایرانی ریال کی قدر میں مسلسل گراوٹ کا سلسلہ جاری ہے اور امریکی ڈالر کے مقابلے میں ایرانی کرنسی نئی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے، جس کے بعد ایران کے مرکزی بینک نے ریال کو سہارا دینے کے لیے مارکیٹ میں 2 ارب ڈالر تک فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔

عالمی خبر ایجنسی کے مطابق آزاد مارکیٹ میں ایک ڈالر کی قیمت تقریباً 26 لاکھ 88 ہزار ایرانی ریال تک پہنچ گئی، جبکہ ایک روز قبل ڈالر 26 لاکھ 32 ہزار ریال میں فروخت ہورہا تھا۔ ایک دوسرے کرنسی ٹریکنگ پلیٹ فارم کے مطابق ڈالر کی قیمت 26 لاکھ 95 ہزار ریال تک بھی ریکارڈ کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق ایرانی ریال گزشتہ ایک سال کے دوران اپنی قدر کا نصف سے زیادہ حصہ کھو چکا ہے، جبکہ گزشتہ ہفتے بھی ڈالر کے مقابلے میں ریال 25 لاکھ کی حد عبور کرکے نئی ریکارڈ کم ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔

ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق ریاستی بینکوں نے ریال کو سہارا دینے کے لیے مارکیٹ میں ڈالر فروخت کرنا شروع کردیئے ہیں۔ مرکزی بینک کی جانب سے 2 ارب ڈالر تک کی فراہمی کا مقصد کرنسی مارکیٹ پر دباؤ کم کرنا اور ریال کی قدر میں مزید گراوٹ کو روکنا ہے۔

مرکزی بینک کے گورنر کے معاون برائے زرمبادلہ امور مہدی دارابی نے ریال کی حالیہ گراوٹ کی ایک وجہ امریکی حکام کے ان بیانات کو قرار دیا جن میں ایرانی معیشت کے ممکنہ انہدام کی بات کی گئی ہے۔مہدی دارابی نے سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی معیشت کے تباہ ہونے سے متعلق پیش گوئیوں سے مارکیٹ میں دباؤ بڑھ رہا ہے اور دشمن ان بیانات کو ریال کی شرحِ تبادلہ پر اثر انداز ہونے کے لیے استعمال کر رہا ہے۔انہوں نے موجودہ صورتحال کو عارضی قرار دیتے ہوئے کہا کہ مرکزی بینک کی جانب سے مارکیٹ میں ڈالر کی فراہمی سے ریال پر دباؤ کم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button