جنگ بندی کے دوران ایران ملبے میں دبے میزائل نکالنے میں مصروف ہے، امریکی میڈیا

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے)امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران جنگ بندی کے دوران اپنے ہتھیاروں کو دوبارہ حاصل کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔
خبر رساں ادارے این بی سی نیوز نے ایک امریکی عہدیدار اور دیگر باخبر ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایران نے ان ہتھیاروں کو نکالنے کا عمل تیز کر دیا ہے جو امریکی اور اسرائیلی حملوں کے بعد ملبے تلے دب گئے تھے یا زیرِ زمین چھپائے گئے تھے۔
رپورٹ کے مطابق ایرانی حکام ملبے میں دبے میزائلوں اور دیگر اسلحے کو نکالنے کے لیے سرگرم عمل ہیں، تاکہ اپنی دفاعی اور عسکری صلاحیت کو دوبارہ مضبوط بنایا جا سکے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ایسے وقت میں کیا جا رہا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی بدستور برقرار ہے۔
امریکی حکام کا خیال ہے کہ ایران تیزی سے اپنی ڈرون اور میزائل صلاحیت کو بحال کرنا چاہتا ہے، تاکہ اگر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ دوبارہ فوجی کارروائی کا فیصلہ کریں تو ایران خطے میں جوابی حملے کرنے کے قابل ہو۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایران کی جانب سے یہ اقدامات مشرق وسطیٰ میں سیکیورٹی صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا سکتے ہیں، جبکہ خطے میں کشیدگی کے دوبارہ بڑھنے کے خدشات بھی ظاہر کیے جا رہے ہیں۔
ابھی تک ایران کی جانب سے ان رپورٹس پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم ماہرین کے مطابق یہ صورتحال خطے میں مستقبل کی ممکنہ کشیدگی کی نشاندہی کر رہی ہے۔



