عمران خان کے وکیل نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو دوبارہ خط لکھ دیا

راولپنڈی (جانوڈاٹ پی کے)بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل خالد یوسف چوہدری نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو ایک بار پھر خط لکھ دیا ہے، جس میں قانونی دستاویزات اور پاور آف اٹارنی کی فوری تکمیل اور واپسی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پاور آف اٹارنی اور دیگر قانونی دستاویزات پہلے 7 اپریل 2026 کو ٹی سی ایس کے ذریعے جیل بھجوائی گئیں، جو 9 اپریل کو جیل آفس میں موصول ہوئیں۔ وکیل کے مطابق وہ 13 اپریل کو خود اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر 5 پر بھی موجود رہے، جہاں آمد کا ریکارڈ بھی درج کیا گیا۔
خط میں کہا گیا ہے کہ کئی گھنٹے انتظار کے بعد جیل عملے کی جانب سے بتایا گیا کہ متعلقہ دستاویزات ریکارڈ میں موجود نہیں ہیں، جو وکیل کے مطابق ایک “سنگین انتظامی غفلت” ہے۔
خالد یوسف چوہدری نے مؤقف اختیار کیا کہ اس صورتحال سے انصاف تک رسائی اور فیئر ٹرائل کے بنیادی حق کی خلاف ورزی ہو رہی ہے، جبکہ سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے کی مدت بھی تیزی سے ختم ہو رہی ہے۔
وکیل نے مطالبہ کیا ہے کہ عمران خان سے فوری طور پر دستخط کروائے جائیں اور 24 گھنٹوں میں دستخط شدہ دستاویزات واپس فراہم کی جائیں۔
خط کی کاپی رجسٹرار سپریم کورٹ اور سیکرٹری چیف جسٹس کو بھی ارسال کر دی گئی ہے۔



