ٹیکس کا پیسہ قوم کی امانت ہے، ایک ایک پائی کا حساب دینا ہماری ذمہ داری،اوور انوائسنگ میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے،وزیراعظم

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ٹیکس کا پیسہ قوم کی امانت ہے اور اس کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے، ہر ایک پائی کا حساب دینا ہوگا۔
انہوں نے یہ بات ایف بی آر کے امور پر ہفتہ وار جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، جہاں اوور انوائسنگ سے متعلق قائم کمیٹی کی رپورٹ پیش کی گئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ 2017 سے 2022 کے دوران اوور انوائسنگ کا مکروہ دھندا جاری رہا اور متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام رہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اس میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی تیز کی جائے۔
اجلاس میں مشتاق احمد سکھیرا کی سربراہی میں قائم کمیٹی کی رپورٹ کو سراہا گیا، جبکہ وزیراعظم نے شاہد خان کی سربراہی میں ایک نئی کمیٹی بنانے کی ہدایت دی جو غفلت کے مرتکب افراد اور اداروں کا تعین کر کے ان کے خلاف محکمانہ کارروائی کی سفارشات پیش کرے گی۔
شہباز شریف نے اس بات پر بھی زور دیا کہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے جامع حکمت عملی تیار کی جائے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ فنانشل مانیٹرنگ یونٹ (FMU) کو مزید فعال بنایا جائے اور اس میں ایف آئی اے اور انٹیلیجنس بیورو کے نمائندوں کو شامل کیا جائے۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایف بی آر نے سنٹرلائزڈ ڈپرائس ویریفکیشن پورٹل تیار کر لیا ہے، جسے جون کے آخر تک بینکوں سے منسلک کر دیا جائے گا۔
مزید بتایا گیا کہ ایف بی آر کے پوسٹ کلیئرنگ آڈٹ ونگ نے اکتوبر 2022 میں اس معاملے کی نشاندہی کی تھی، جس کے بعد اب تک 13 ایف آئی آر درج کی جا چکی ہیں اور قانونی کارروائی جاری ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزراء اور اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔



