اوکاڑہ میں پٹرول پمپس پر کریک ڈاؤن، پیمانوں کی سخت چیکنگ

اوکاڑہ ( رپورٹ وحیدآرائیں/جانو ڈاٹ پی کے )عوامی ریلیف کے پیش نظر ٹیموں کی مختلف پٹرول پمپس پر پیمانوں کی چیکنگ، ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز، پرائسز ویٹ اینڈ میئرز خالد جاوید بھٹی کی زیر نگرانی ٹیموں نے شہر اور گردونواح میں قائم متعدد پٹرول پمپس کا معائنہ کیا اور پٹرول اور ڈیزل کی مقدار کی درست پیمائش، میٹرز کی درستگی اور سرکاری مقررہ معیار کے مطابق ناپ تول کو یقینی بنایا گیا۔ ڈسٹرکٹ آفیسر خالد جاوید بھٹی نے کہا کہ تمام پٹرول پمپ مالکان ناپ تول کے مقررہ اصولوں پر سختی سے عمل کریں اور کسی بھی قسم کی دھوکہ دہی یا کمی بیشی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے ساتھ ناانصافی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ویٹ اینڈ میئرز ڈیپارٹمنٹ کی ٹیمیں باقاعدگی سے فیلڈ میں موجود رہیں گی اور عوامی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جائے گا تاکہ شہریوں کو مکمل ریلیف فراہم کیا جا سکے



