ماتلی میں آبائی جائیداد کے تنازعے پر اکبر پارابی کا پریس کلب کے سامنے احتجاج

ماتلی (رپورٹر اے۔ایم۔گدی) ماتلی کے پارابی محلے کے رہائشی اکبر پارابی نے اپنے بیٹوں، بھتیجوں اور پڑوسیوں کے ہمراہ اپنے بھائی انور پارابی کے خلاف پریس کلب ماتلی کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ ان کے بھائی نے آبائی جائیداد پر قبضہ کر رکھا ہے اور اپنا حق مانگنے پر ان کے اور ان کی اولاد کے خلاف مبینہ طور پر جھوٹے مقدمات درج کرائے ہیں۔ مظاہرے کے دوران شرکاء نے نعرے بازی کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ انہیں آبائی جائیداد میں ان کا قانونی حصہ دلوایا جائے اور اہل خانہ کے خلاف درج مقدمات ختم کرائے جائیں۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے اکبر پارابی نے صحافیوں کو بتایا کہ شہر کے معززین کی جانب سے جائیداد کے تنازعے کے حل کے لیے فیصلے بھی کرائے گئے، تاہم ان کے بھائی کسی بھی فیصلے کو تسلیم کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ ان کے بھائی اپنے سرکاری عہدے کی بنیاد پر انہیں مزید مقدمات میں پھنسانے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ اکبر پارابی نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ آبائی جائیداد کے تنازعے میں انہیں ان کا جائز حق دلوایا جائے اور ان کے بیٹوں اور بھتیجوں سمیت اہل خانہ کے خلاف درج مقدمات ختم کرانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

مزید خبریں

Back to top button