عمران خان کے وکیل کا اڈیالہ جیل سپرنٹنڈنٹ سے پاور آف اٹارنی پر دستخط کا مطالبہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)بانی پی ٹی آئی کے وکیل خالد یوسف چوہدری نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سے پاور آف اٹارنی پر دستخط کرنے کا مطالبہ کردیا۔
بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنے کے معاملے پر توہین عدالت کی درخواست سے متعلق وکیل نے اڈیالہ جیل حکام کو خط لکھ دیا۔
خالد یوسف چوہدری نے اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ سے پاور آف اٹارنی پر دستخط کرنے کا مطالبہ کیا اور بتایا کہ 3 پاور آف اٹارنی بذریعہ کورئیر جیل حکام کو بھجوائی گئی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ 20 اگست کو پاور آف اٹارنی لے کر اڈیالہ جیل گیا تھا، جیل حکام نے پاور آف اٹارنی کے کاغذات وصول نہیں کیے۔
بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے یہ بھی کہا کہ پاور آف اٹارنی کےلیے بیان حلفی سپریم کورٹ میں بھی جمع کروایا ہے، بیان حلفی کی نقل بھی خط سے منسلک کر دی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پاور آف اٹارنی پر دستخط نہ کروانے سے بانی پی ٹی آئی کے قانونی حقوق متاثر ہو رہے ہیں، جیل حکام کی مبینہ غفلت آئین، قانون اور جیل رولز کی خلاف ورزی ہے۔
وکیل خالد یوسف چوہدری نے کہا کہ جیل حکام کی جانب سے قانونی ذمے داریاں ادا نہ کرنا اختیارات سے تجاوز ہے، پاور آف اٹارنی پر دستخط نہ کرانے کی صورت میں معاملہ عدالت کے سامنے رکھیں گے۔



