پاکستان انڈر21ہاکی ٹیم نے چین کے خلاف گولز کی برسات کر دی

جوہر کپ (جانو ڈاٹ پی کے)پاکستان انڈر 21 ہاکی ٹیم نے سلطان آف جوہر کپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے پہلے میچ میں چین کو 3 کے مقابلے میں 8 گول سے ہرا دیا۔ ابتدائی خسارے کے باوجود قومی جونیئر ٹیم نے زبردست کم بیک کیا اور میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔
چین نے پہلے ہاف میں تین گول اسکور کیے، تاہم پاکستانی کھلاڑیوں نے دوسرے ہاف میں جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے یکے بعد دیگرے گول داغے اور مقابلہ اپنے نام کر لیا۔
پاکستان کی جانب سے اسام حیدر نے دو گول اسکور کیے، جبکہ محمد فاروق، ولید رانا، فیاض حمزہ، غلام مصطفیٰ، محمد عثمان اور سیف اللہ نے ایک، ایک گول کر کے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
سلطان آف جوہر کپ میں پاکستان کے علاوہ میزبان ملائیشیا، چین، جاپان اور کینیڈا کی ٹیمیں شریک ہیں۔ ایونٹ 17 سے 24 اکتوبر تک جاری رہے گا۔
قومی جونیئر ہاکی ٹیم اپنا اگلا میچ 18 اکتوبر کو کینیڈا کے خلاف کھیلے گی۔ اس ٹورنامنٹ کو آئندہ جونیئر ہاکی ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔



