محمود اچکزئی کی تیسری جگہ پر ملاقات کی شرط مسترد،وزیراعظم سے ملاقات وزیراعظم ہاؤس میں ہی ہوگی، رانا ثناء اللہ

اپنے بیان میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ وزیراعظم ہاؤس کسی کی ذاتی ملکیت نہیں بلکہ ریاست کی ملکیت ہے۔ ان کے بقول پہلے بھی اس قسم کی ضد کی گئی، تاہم یہ کوئی طریقہ نہیں، وزیراعظم اپوزیشن لیڈر سے وزیراعظم ہاؤس میں ہی ملاقات کریں گے۔
رانا ثناء اللہ نے بتایا کہ چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری کے معاملے پر وزیراعظم نے اپوزیشن لیڈر کو دو خطوط لکھے ہیں۔ ایک خط امریکا روانگی سے پہلے جبکہ دوسرا واپسی پر بھیجا گیا۔ حکومت اب اپوزیشن لیڈر کے جواب کی منتظر ہے۔
انہوں نے محمود اچکزئی سے کہا کہ وہ بتائیں کہ وزیراعظم سے ملاقات کے لیے کب تشریف لا رہے ہیں، حکومت ان کا خیرمقدم کرنے کے لیے تیار ہے۔
پی ٹی آئی سے مذاکرات کے حوالے سے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ غیر مشروط مذاکرات ممکن ہیں، لیکن ایمرجنسی واپس لینے کی شرط پر بات چیت نہیں ہو سکتی۔ ان کے مطابق پی ٹی آئی نے پہلے مذاکرات کو موقع ہی نہیں دیا۔
مشیر وزیراعظم نے مزید کہا کہ ایمرجنسی کے تحت قائم سیٹ اپ کو مناسب وقت دیا جائے گا۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری کمٹمنٹ کے ساتھ لڑی جائے گی اور اسے جیتا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر پی ٹی آئی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون کرے تو بات ہو سکتی ہے۔



