خیبرپختونخوا کے 12 اضلاع میں علاقائی ترقیاتی کونسلز کے قیام کی منظوری

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)وفاقی کابینہ نے خیبرپختونخوا کے 12 اضلاع میں علاقائی نمائندہ و ترقیاتی کونسلز کے قیام اور ان کے لیے مجموعی طور پر 48 نمائندگان کی نامزدگی کی منظوری دے دی ہے۔ نامزدگیوں کا عمل مقامی جرگوں کی باہمی مشاورت سے مکمل کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق کونسلوں کے ارکان کے انتخاب کے لیے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کے تعاون سے مقامی جرگے منعقد کیے گئے، جن میں مقامی آبادی کے پسندیدہ اور باوقار افراد کو نمائندگی دینے کے لیے مشاورت کی گئی۔

جرگوں میں نامزد کیے گئے افراد کے ناموں کی جانچ پڑتال اور متعلقہ کارروائی ایڈیشنل چیف سیکریٹری و ایڈمنسٹریٹر، علاقہ ترقیاتی سیکریٹریٹ نے مکمل کی۔ مشاورتی عمل کے بعد نامزد ارکان کی فہرست چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا کو ارسال کی گئی۔

چیف سیکریٹری نے مزید کارروائی کے بعد نامزد افراد کے نام گورنر خیبرپختونخوا کو بھجوا دیے، جنہوں نے یہ فہرست وفاقی حکومت کو ارسال کی۔ بعدازاں وفاقی کابینہ نے 12 اضلاع میں علاقائی نمائندہ و ترقیاتی کونسلز کے قیام اور 48 نمائندگان کی نامزدگی کی منظوری دے دی۔

اس پیش رفت کے بعد اب وفاقی حکومت کی جانب سے کونسلوں کے ارکان کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری ہونا باقی ہے، جس کے بعد نامزد نمائندگان کی تقرری کا عمل واضح ہو جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button