سہ ملکی سیریز کی ٹرافی کی رونمائی، شاہین آفریدی نے ٹائٹل جیتنے کا عزم ظاہر کر دیا

راولپنڈی (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کی سہ ملکی سیریز کی ٹرافی کی رونمائی، شاہین آفریدی نے ٹائٹل جیتنے کا ہدف مقرر کر لیا

پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان سہ ملکی کرکٹ سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کر دی گئی، جبکہ سیریز کا آغاز اتوار کو راولپنڈی میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میچ سے ہوگا۔ ٹرافی کی رونمائی کے موقع پر تینوں ٹیموں کے کپتانوں نے الگ الگ پریس کانفرنسز بھی کیں اور سیریز کے حوالے سے اپنے عزائم کا اظہار کیا۔

پاکستان کی ون ڈے ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی نے انگلینڈ اور سری لنکا کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ٹیم کا اصل ہدف سہ ملکی سیریز جیتنا ہے اور اس کے لیے حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سیریز ورلڈ کپ کے لیے اسکواڈ کی تشکیل میں بھی مددگار ثابت ہوگی۔

شاہین آفریدی نے تجربہ کار بلے باز بابر اعظم کو ٹیم کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کے درمیان اتحاد موجود ہے۔ انہوں نے سلمان علی آغا کی کارکردگی کو بھی سراہا اور ان کی حالیہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں ٹرپل سنچری کا ذکر کیا۔

سری لنکن کپتان کوشال مینڈس نے کہا کہ ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی سیریز سے بہت کچھ سیکھا ہے۔ ان کے مطابق کوئی بھی ٹیم پہلے سے فیورٹ نہیں ہوتی بلکہ کامیابی اسی ٹیم کو ملتی ہے جو میدان میں بہتر کھیل پیش کرے۔

انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے پاکستان میں کرکٹ کھیلنے کو چیلنجنگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہاں کھیلتے ہوئے وہ زیادہ اعتماد محسوس کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے 22 سال کی عمر میں پاکستان سپر لیگ کھیلی تھی، جس سے انہیں بین الاقوامی کرکٹ میں بہت مدد ملی۔ ہیری بروک نے مزید کہا کہ ورلڈ کپ سے قبل زیادہ سے زیادہ میچز کھیلنے کا موقع ٹیم کے لیے فائدہ مند ہوگا۔سہ ملکی سیریز میں مجموعی طور پر سات میچز کھیلے جائیں گے۔ تین میچز راولپنڈی جبکہ فائنل سمیت چار میچز لاہور میں شیڈول ہیں۔ تمام میچز دوپہر ایک بجے شروع ہوں گے۔

مزید خبریں

Back to top button