ابوظبی میں سہ ملکی ون ڈے سیریز کا آج سے آغاز، پہلے میچ میں بنگلادیش اور زمبابوے آمنے سامنے

ابوظبی (جانو ڈاٹ پی کے)افغانستان، بنگلادیش اور زمبابوے کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ملکی ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کا آغاز آج سے ہوگا، جس میں تینوں ٹیمیں عمدہ کارکردگی دکھا کر فائنل میں جگہ بنانے اور ٹرافی جیتنے کے لیے میدان میں اتریں گی۔
سیریز کے افتتاحی میچ میں بنگلادیش اور زمبابوے کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، جبکہ افغانستان اپنا پہلا میچ 19 اکتوبر کو زمبابوے کے خلاف کھیلے گا۔
گروپ مرحلے کے اختتام پر پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست رہنے والی دو ٹیمیں 23 اکتوبر کو فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔ سیریز کے تمام میچز ابوظبی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے اور میچز کا آغاز شام ساڑھے چار بجے ہوگا۔
افغانستان کی قیادت رحمت شاہ، بنگلادیش کی قیادت لٹن داس جبکہ زمبابوے کی کپتانی سکندر رضا کریں گے۔ تینوں ٹیموں کی نظریں فائنل تک رسائی اور سیریز کی ٹرافی اپنے نام کرنے پر مرکوز ہیں۔



