ہاکی ورلڈ کپ میں پاکستان کو ایک اور دھچکا،نیوزی لینڈ نے4-2سے ہرا دیا

نیدرلینڈ(جانوڈاٹ  پی کے)ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ کے کلاسیفکیشن میچ میں پاکستان کو ایک اور شکست کا سامنا کرنا پڑ گیا، نیوزی لینڈ نے قومی ٹیم کو 2 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دے کر کامیابی اپنے نام کرلی۔

میچ کے آغاز ہی سے نیوزی لینڈ نے جارحانہ انداز اختیار کیا اور پاکستانی دفاع پر مسلسل دباؤ برقرار رکھا۔ پہلے ہاف میں کیویز نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف 3-0 کی واضح برتری حاصل کرلی، جس کے بعد قومی ٹیم کیلئے میچ میں واپسی کا مشن مزید مشکل ہوگیا۔

تاہم تیسرے کوارٹر میں پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے کھیل کا نقشہ بدلنے کی کوشش کی۔ پاکستان کی جانب سے سفیان خان اور افراز نے ایک، ایک گول کرکے خسارہ 3-2 کردیا اور میچ میں سنسنی پیدا ہوگئی۔

پاکستان نے برابر کرنے کیلئے بھرپور کوشش کی، لیکن نیوزی لینڈ نے دفاعی دباؤ برداشت کرتے ہوئے آخری مراحل میں ایک اور گول داغ دیا۔ یوں نیوزی لینڈ نے 4-2 سے کامیابی حاصل کرکے پاکستان کی واپسی کی تمام امیدیں ختم کردیں۔

ہاکی ورلڈ کپ میں یہ پاکستان کی تیسری شکست ہے، جس کے بعد قومی ٹیم کیلئے آئندہ میچ مزید اہم ہوگیا ہے۔

پاکستان اب 28 اگست کو جنوبی افریقہ کے خلاف میدان میں اترے گا، جہاں قومی ٹیم کی نظریں شکستوں کے سلسلے کو روکنے اور ایونٹ میں بہتر انداز میں مہم ختم کرنے پر ہوں گی۔

شائقین قومی ٹیم سے اگلے میچ میں بھرپور کم بیک اور بہتر کارکردگی کی امید لگائے بیٹھے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button