ہریش کمار مہیشوری کی بازیابی کے لیے چھاچھرو پریس کلب کے سامنے احتجاج

تھرپارکر (رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) نئوں کوٹ کے رہائشی ہریش کمار مہیشوری کے مبینہ اغوا کے خلاف مہیشوری برادری اور تاجر برادری کی جانب سے چھاچھرو پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
احتجاج کی قیادت مکھی بھیرو لال مہیشوری اور احمد علی سمیجو نے کی، جبکہ مظاہرے میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور ہریش کمار مہیشوری کی جلد بازیابی کے حق میں نعرے بازی بھی کی۔
اس موقع پر مقررین نے کہا کہ ہریش کمار مہیشوری کو دو روز قبل نئے کوٹ سے نامعلوم افراد مبینہ طور پر اغوا کرکے لے گئے ہیں، جس کے باعث ان کے اہلِ خانہ شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے، ہریش کمار مہیشوری کو جلد از جلد بازیاب کرایا جائے اور ذمہ دار عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات پر عمل نہ کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔



